مؤلف شفیق احمد فلاحی کے سفرنامہ پر مبنی بہترین کتاب "جزائر انڈمان و نکوبار، مشاہدات و معلومات” منظر عام پر

مولانا عمرین محفوظ رحمانی کی صدارت میں جمیل احمد کرانتی کے بدست اجراء اور قریشی مختار احمد نےسرورق کی رونمائی فرمائی

تقریب اجراء پر معززین شہر نے کتاب اور صاحب کتاب کی حوصلہ افزائی کی

مالیگاؤں( پریس ریلیز) ادبی, صحافتی اور دینی شناخت رکھنے والے شہر مالیگاؤں میں ادباء, علماء, مورخین اور قلمکاروں نے بے شمار معیاری کتابیں لکھیں ہیں. اسی صف میں ایک اور نئے قلمکار و مؤلف شفیق احمد فلاحی کے سفرنامہ پر مبنی بہترین کتاب "جزائر انڈمان و نکوبار، مشاہدات و معلومات” منظر عام پر آچکی ہے.

شہر کی معروف ملی شخصیت شفیق احمد فلاحی جن کا تعلق گزشتہ کئی دہائیوں سے جماعت اسلامی ہند سے ہے، موصوف جامعۃ الہدی مالیگاؤں سے فراغت کے بعد جامعۃ الفلاح (اعظم گڑھ، یوپی) سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ ان کی کتاب "جزائر انڈمان و نکوبار، مشاہدات و معلومات” کا اجراء 12 اکتوبر 2022 بروز بدھ کو رات میں ساڑھے نو بجے الہدیٰ اسلامک سینٹر, مشاورت چوک مالیگاؤں میں مولانا عمرین محفوظ رحمانی کے زیر صدارت پروگرام عمل میں آیا.

مولانا عمرین محفوظ رحمانی نے صدارتی خطبہ میں کتاب اور صاحبِ کتاب پر تاثرات پیش کرتے ہوئے ان کے سفر نامہ پر مبنی کتاب پر تبصرے بھی کئے. انھوں نے کہا کہ اس کتاب کے مطالعہ کے بعد یقیناً آپ کی خواہش ہوگی کہ ایک بار اس قدرتی جزائر کی سیر کو جائیں. مولانا نے بتایا کہ جزائر انڈمان و نکوبار تاریخ کے لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل ہے جس میں کالے پانی کی سزا اور آزادی کے دور میں مجاہدین آزادی کی قربانیوں کا ذکر بھی ہے وہیں خوبصورت مناظر, قدرتی دولت سے مالا مال اور خوشحال پر سکون زندگی گزارنے کیلئے بہترین مقام ہے.

اس کتاب کا اجراء شہر کی معروف شخصیت جمیل احمد کرانتی کے بدست عمل میں آیا. اسی طرح سے کتاب کے خوبصورت سرورق کی رونمائی قریشی مختار احمد نے فرمائی. تقریب اجراء میں بطور مہمان خصوصی اسحاق سیٹھ زری والا ,یوسف سیٹھ نیشنل,مفتی محمد عامر یاسین ملی, ڈاکٹر اشفاق انجم, رضوان عبدالمطلب, مولانا شکیل فیضی, ڈاکٹر جاوید شوال, عبدالعظیم فلاحی اور شہر کی معزز شخصیات نے شرکت کی جبکہ نظامت کے فرائض یاسین اعظمی نے بخوبی انجام دیئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے