کانگریس قومی صدر کا الیکشن اختتام پذیر، 9500 لوگوں نے ڈالا ووٹ

نئی دہلی : کانگریس صدر عہدہ کے الیکشن کیلئے پیر کو ووٹنگ مکمل ہوگئی ۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر دفتر کے ساتھ ساتھ 65 مقامات پر ووٹنگ مراکز بنائے گئے تھے ، جہاں ڈیلیگیٹس نے ووٹ ڈالے ۔ صدر عہدہ کے الیکشن کیلئے ملکا ارجن کھڑگے اور ششی تھرور آمنے سامنے ہیں ۔ کانگریس سینٹرل الیکشن اتھاریٹی کے سربراہ مدھوسودن مستری نے پریس کانفرنس کرکے ووٹنگ کی جانکاری دی ۔

انہوں نے بتایا کہ کانگریس قومی صدر کیلئے ہوئی ووٹنگ میں آج 9500 نمائندوں نے ووٹنگ کی ۔ کل ملاکر 96 فیصد ووٹنگ ریاستوں میں ہوئی ۔ اس دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ۔ تین بیلٹ باکس موصول ہوئے ہیں ۔ ساتھ ہی انہوں نے بتایا کہ 87 لوگوں نے اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر میں ووٹ ڈالے ۔ مدھوسودن مستری نے بتایا کہ کانگریس صدر دفتر میں سونیا گاندھی، منموہن سنگھ سمیت 87 ڈیلیگیٹس نے ووٹ ڈالے ۔ ووٹنگ کے بعد سونیا گاندھی نے کہا کہ وہ طویل عرصہ سے اس دن کا انتظار کررہی تھیں ۔

سونیا گاندھی ، منموہن سنگھ اور کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یہاں صدر دفتر پہنچ کر ووٹ ڈالا ۔ وہیں راہل گاندھی نے کرناٹک کے بیلاری میں بھارو جوڑو یاترا کے کنٹینر والے ریسٹ کیمپ میں بنے ووٹنگ سینٹر میں ووٹ ڈالا ۔ ان کے ساتھ وہاں تقریبا 40 لیڈروں نے بھی ووٹ کیا، جو ان کے ساتھ اس یاترا میں ہیں ۔ اس سے پہلے ووٹنگ کے بیچ میں مدھوسون مستری نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی ۔ بھاشا سے کہا کہ الیکشن کا پورا عمل آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف رہا ہے اور وہ اس سے مطمئن ہیں ۔ ادھر ووٹنگ کے بعد جے رام رمیش نے کہا کہ یہ تاریخی موقع ہے ۔

ہمارے یہاں آزادانہ ، غیر جانبدارانہ اور شاف طریقہ سے الیکشن ہوا ہے ۔ کانگریس پارٹی کی 137 سال کی تاریخ میں چھٹی مرتبہ صدر عہدہ کیلئے الیکشن ہوا ہے ۔ پارٹی جنرل سکریٹری جے رام رمیش کے مطابق صدر عہدہ کیلئے اب تک 1939, 1950, 1977, 1997 اور 2000 میں الیکشن ہوئے ہیں ۔ پورے 22 سالوں کے بعد صدر عہدہ کیلئے الیکشن ہورہا ہے ۔ الیکشن کے نتائج کا اعلان 19 اکتوبر کو کیا جائے گا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے