کسمبا روڈ حادثے میں جان گنوانے والی بچی کے اہل خانہ کو ٹھیکہ دار معاوضہ دے : ایم ڈی ایف

کسمبا روڈ پر بڑی گاڑیوں کی آمدورفت دن کے اوقات میں بند ہونی چاہئے: فرنود رومی نائب صدر

کمشنر اور ٹرایفک پولس اگر کاروائی نہیں کرتی ہے تو بے مدت راستہ روکو آندولن کی ہوگی شروعات: احتشام شیخ بیکری والا

مالیگاؤں (پریس ریلیز) شہر کی اہم شاہراہوں میں سے ایک شہید عبدالحمید روڈ المعروف کسمبار روڈ مہاراشٹر ریاست اور گجرات ریاست کو آپس میں جوڑتی ہے

. شہر کے بھیڑ بھاڑ والے علاقوں میں سے ایک اس روڑ پر زیادہ تر بڑی گاڑیاں, ٹرک, مال ٹرک, بس, ڈمپر, ٹریکٹر اور دیگر گاڑیوں کی شب و روز بڑی تعداد میں آمدو رفت ہوتی ہے.

گزشتہ روز 2 سال کی بچی اس روڈ پر کرین گاڑی کے ٹائر کے نیچے دب کر ہلاک ہو گئی. اس معاملے پر مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے صدرواراکین نے کمشنر اور ٹرایفک پولس سے رابطہ قائم کیا اور کسمبا روڈ پہنچ کر جائزہ لیا.

واضح رہے ایم ڈی ایف کی جانب سے چھ ماہ قبل بھی اس روڈ کے تعلق سے مکتوب دیا گیاتھا. لیکن کمشنر, اتی کرمن محکمہ اور ٹرایفک محکمہ نے کوئی عملی کاروائی نہیں کی تھی.

مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کے نائب صدر فرنود رومی نے کہا کہ دو دن کے اندر اگر کسمبار روڈ پر دن کے اوقات میں بڑی گاڑیوں کی آمدورفت بند نہیں ہوئی تو بے مدت راستہ روکو آندولن کیا جائے گا. انھوں نے کہا کہ معاملے صرف ایک روڈ کا نہیں ہے بلکہ شہر کی تمام اہم شاہراہوں سے اتی کرمن ہٹانے اور ٹرایفک کا نظام درست کرنے کی کوشش کرنی چاہئے.

ایم ڈی ایف کے سابق صدر احتشام شیخ بیکری والا نے کہا کہ کمشنر ٹھیکہ داروں کی ہی بات سنتے ہیں اور سوشل ورکروں اور ٹیکس بھرنے والی عوام کی کوئی شنوائی نہیں ہوتی. شہر کے تمام منتخب عوامی نمائندے اور ٹھیکہ دار اس بچی کے اہل خانہ کو معاوضہ دیں.

معروف سوشل ورکر و ترجمان ایم ڈی ایف قطب الدین ببو ماسٹر نے کہا کہ کسمبا روڈ پر ہونے والے حادثات کے ذمہ دار مقامی کارپوریٹر, رکن اسمبلی اور ٹھیکہ دار لوگ ہیں. اس روڈ پر سیاست کرنے والے اب لوگوں کی جان کا سودا کر رہے ہیں. ایسے لوگوں کو ووٹ نہیں دینا چاہئے بلکہ عوامی عدالت میں ان سے حساب لینا چاہئے.

اس موقع پر عمران راشد, ایس این انصاری, اعجاز شاہین, خالد ایس کے, عارف خان, ریاض شاہ, جابر شاہ اور نوجوانانِ کسمبا روڈ موجود تھے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے