خدمت خلق اسلاف کا پاکیزہ عمل رہا ہے: طبی معاونت فوز وفلاح کی اہم منزل

نوری مشن و اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر کے فری میڈیکل کیمپ سے 900مریضوں نے استفادہ کیا

مالیگاؤں : خدمت خلق اسلاف کا عمل رہا ہے۔بزرگانِ دین نے مستحق و غریب افراد کی مدد کی اور یہ فکر دی کہ ان کی دل جوئی و اعانت کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہ دیا جائے۔ طبی معاونت فوز وفلاح کی اہم منزل ہے-

اسی پاکیزہ جذبے کے تحت نوری مشن اور اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر نے ’’فری میڈیکل کیمپ‘‘ کا انعقاد کیا-یہ کیمپ تاج الشریعہ کلینک نور نگر دیانہ میں29؍ اکتوبر سنیچر کو آب و تاب سے منعقد ہوا-

جہاں خواتین، بچوں اور مَردوں کا اژدہام موجود رہا- صبح 11؍ بجے سے شام 4:30؍ تک ڈاکٹر محمد زاہد، ڈاکٹر عاطف خان، ڈاکٹر واصف تاثیر نقشبندی، ڈاکٹر اسماء وسیم، ڈاکٹر آمرین نے مریضوں کا چیک اَپ کیا اور دوائیں تجویز کی-

مریضوں کو اسٹینڈرڈ کمپنیوں کی دوائیں فری مہیا کی گئیں- مفتی محمد عاشق حسین کشمیری (بریلی شریف) نے دعائیہ پیغام میں کہا کہ حضور تاج الشریعہ کا فیض ہے، اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کے کام اور وقت میں برکتیں عطا فرمائے۔

آپ نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر جانشین حضور تاج الشریعہ حضور عسجد میاں صاحب قبلہ سے دعا بھی کروائی ۔کیمپ کے ضمن میں فرید رضوی نے کہا کہ الحمدللہ! صبح سے ہی مریضوں کا ہجوم موجود رہا اور 900 ؍سے زیادہ مریض اس فری میڈیکل کیمپ سے فیض یاب ہوئے- معین پٹھان رضوی نے کہا کہ یہ کیمپ شام تک کامیابی کے ساتھ جاری رہا اور اطراف و دور دراز کے

علاقوں سے مریض آتے رہے- غلام مصطفیٰ رضوی نے کہا کہ الحمدللہ! اس کیمپ کا اہتمام ’’اظہارِ محبت رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور گیارہویں شریف‘‘ کی نسبت سے کیا گیا جس کی برکتیں مشاہدہ ہوئیں اور اس مبارک کام سے روحانی سکون حاصل ہوا- شریکِ کیمپ ڈاکٹرز کی خدمت میں نوری مشن کے مطبوعہ لٹریچرز تحفتاً پیش کیے گئے اور اخیر میں اظہارِ تشکر کیا گیا- کیمپ کے اہتمام میں محمد شریف رضوی (حسان میڈیکل)،

جمیل رضوی(ایم آر)، اعجاز بھائی(ایم آر)، رضوی نعیم قریشی (ایم آر)، یاسین رضا، آصف رضوی، سعد رضوی، عبید بھائی، واجد شیخ، شاداب رضوی، شہزاد برکاتی،نعیم احمد سمیت نوری مشن کے اراکین نے حصہ لیا- اِس طبی و فلاحی خدمت کے پیش نظر علما و مشائخ اور اسکالرز بالخصوص حضرت سید عبدالقادر جیلانی

میاں(ممبئی)،علامہ محمد ارشد مصباحی (اعلیٰ حضرت فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، مانچسٹر)، مولانا عبدالرحیم نشتر فاروقی (بریلی شریف)، مولانا غلام مصطفیٰ برکاتی (دارالعلوم انوارِ رضا، نوساری)، مفتی نظام الدین مصباحی (بلیک برن)، ڈاکٹر حامد اقبال سمیت درجنوں اہلِ علم نے نوری مشن ، اعلیٰ حضرت ریسرچ سینٹر، تاج الشریعہ کلینک نیز میڈیکل کیمپ ٹیم کو دُعاؤں سے نوازا-

Noorimission@
٭ ٭ ٭

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے