سو فیصد گرانٹ کا مطالبہ لیکر ہزاروں اساتذہ کا آزاد میدان میں دھرنا جاری ، وزیر تعلیم کیساتھ میٹنگ

مہا آکروش دھرنے میں ریکارڈ ساز مظاہرین کی شرکت ، پگار نہیں تو کام نہیں کا انتباہ

ممبئی : یکم نومبر (نمائندہ خصوصی) نان گرانٹ اساتذہ ،اگھوشت اساتذہ اور 20 و 40 فیصد گرانٹ یافتہ ہزاروں اساتذہ مہاراشٹر کے کونے کونے سے آزاد میدان ممبئی میں بے مدت مہا اندولن کئے ہوئے ہیں ۔ان اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ قانون کے مطابق سو فیصد گرانٹ دی جائے۔ اسی طرح جن اساتذہ کو ابھی تک گرانٹ کیلئے اہل قرار نہیں دیا گیا ہے

انہیں جلد از جلد گرانٹ کا اعلان کیا جائے، اس کے علاوہ 20 فیصد اور 40 فیصد گرانٹ یافتہ اساتذہ کو بھی سو فیصد گرانٹ دیا جائے ۔جب تک گرانٹ نہیں جاری کی جائے گی تب تک دھرنا اندولن جاری رہیگا ۔اسطرح کا اظہار آج مہا آکروش دھرنے میں اگھوشت شکشک سنگھ اور مہاراشٹر شکشک سمنوئے مہا سنگھ کے ذمہ داران نے کیا ہے

۔اسطرح کی اطلاع ممبئی سے مالیگاوں ہائی اسکول کے شیخ زاہد سر نے دی ۔انہوں نے بتایا کہ اس موقع پر گرانٹ دو گرانٹ دو، سو فیصد گرانٹ دو کے فلک شگاف نعروں سے آزاد میدان گونج اٹھا ۔اس سلسلے میں شکشک سمنوئے مہا سنگھ کے آج 21 ویں روز اور اگھوشت شکشک سنگھ کے مہا آکروش اندولن کے 235 ویں روز آزاد میدان میں ریکارڈ ساز مظاہرین کی تعداد دیکھنے کو ملی ۔مظاہرین اساتذہ نے سرکار سے سو فیصد گرانٹ کا مطالبہ دہرایا، گرانٹ ہمارا

حق ہے کسی کے باپ کا نہیں ہے، ہماری مانگ پوری کرو نہیں تو کرسیاں خالی کرو جیسے نعرے لگائے گئے ۔ اس موقع پر دس ہزار سے زائد مظاہرین اساتذہ کرام و معلمین آزاد میدان میں جوق در جوق جمع ہورہے ہیں ۔ہر ایک کی زبان سے گرانٹ کا مطالبہ بڑے ہی جوش و خروش سے نکل رہا ہے ۔اس دھرنے میں ٹیچر ایم ایل ایز نے بھی شرکت درج کی اور اساتذہ کو اپنی حمایت پیش کی ۔اساتذہ کی تنظیموں کے ذمہ داران نے صاف لفظوں میں سرکار کو انتباہ دیا ہے کہ اگر تنخواہ شروع نہیں کی گئی تو آزاد میدان سے دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا چاہے پھر ہمیں اسکول بند

اندولن بھی کیوں نہ کرنا پڑے ۔دریں اثناء آج شام چار بجے اساتذہ کی تنظیموں کے ذمہ داران اور ٹیچرس ایم ایل ایز، وزیر تعلیم دیپک کیسرکر ،وزارت مالیات و سیکریٹریز کے مابین میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ۔اس میٹنگ میں گرانٹ کیلئے ابھی بھی بات چیت جاری ہیں ۔اساتذہ اپنے مطالبہ سو فیصد گرانٹ پر قائم ہیں ۔مہا آکروش دھرنا اندولن میں مالیگاؤں ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج،مدر عائشہ اسکول، مالیگاؤں گرلس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج ،ثناء ہائی اسکول اور سر سید ہائی اسکول کے اساتذہ، ڈی لائٹ اسکول سمیت مالیگاؤں، ناسک ، مراٹھواڑہ ، ودربھ ، کوکن ،جلگاؤں ،ناگپور اضلاع سمیت مہاراشٹر بھر سے مختلف اسکولوں کے اساتذہ نے اپنی شرکت درج کروائی ۔دھرنا ابھی بھی جاری و ساری ہیں۔اساتذہ کی تنظیموں نے مہاراشٹر کے نان گرانٹ اساتذہ و معلمین سے اپیل کی ہے کہ اس تاریخی دھرنے اندولن میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اپنے حقوق کی بازیابی کیلئے جدوجہد کریں اور آزاد میدان پہنچے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے