مہاراشٹر اے ٹی ایس نے کی بڑی کارروائی، PFI کے 4 اراکین کو کیا گرفتار

ممبئی: کالعدم تنظیم پی ایف آئی یعنی پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے خلاف ایک اور کارروائی دیکھنے میں آئی ہے۔ مہاراشٹر میں اے ٹی ایس نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے چار اراکین کو پنویل سے گرفتار کیا ہے۔ الزام ہے کہ پابندی لگنے کے بعد بھی پی ایف آئی اپنی تنظیم کو آگے بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے اور چاروں پی ایف آئی کی توسیع کرنے والی ٹیم سے وابستہ ہیں۔ اے ٹی ایس نے کہا کہ مہاراشٹر اے ٹی ایس کو پنویل میں پی ایف آئی ممبران کی میٹنگ کے بارے میں خفیہ اطلاع ملی تھی۔ اس کے بعد اے ٹی ایس نے کارروائی کرتے ہوئے پی ایف آئی کے 4 ارکان کو پنویل سے گرفتار کرلیا۔

اے ٹی ایس یعنی انسداد دہشت گردی دستہ اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ آپ کو بتا دیں کہ گزشتہ ماہ مرکزی حکومت نے دہشت گردی سے تعلق کے الزام میں پی ایف آئی پر پانچ سال کے لیے پابندی لگا دی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ مہاراشٹر پولس کی انسداد دہشت گردی ٹیم (اے ٹی ایس) کے ہاتھوں پکڑے گئے پی ایف آئی ارکان کی تعداد 25 سے تجاوز کر گئی ہے۔ حال ہی میں اے ٹی ایس نے پی ایف آئی کی جالنا ضلع یونٹ کے سابق سربراہ شیخ عمر شیخ حبیب (30) کو غیر قانونی سرگرمیاں (ممنوعہ) ایکٹ کے تحت گرفتار کیا تھا۔

قبل ازیں 22 ستمبر کو، اے ٹی ایس نے پی ایف آئی کے ارکان کے خلاف کئی ایجنسیوں کی طرف سے مبینہ دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں کے لیے تنظیم کے خلاف ملک گیر چھاپے کے ایک حصے کے طور پر چار مقدمات درج کیے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے