بڑھتی ہوئی نشے کی لت پر روک نہ لگائی گئی تو معاشرہ تباہ ہوجائے گا

_*نشہ مخالف اجلاس سے مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی کا خطاب*_ مورخہ 21؍اکتوبر بروز جمعہ بعد نماز عشاء فوراًمدنی نگر میں جمہور ہائی اسکول کے پاس شہر میں بڑھتی ہوئی نشے کی لت ،سماجی برائیوں اور پھیلتی ہوئی نشہ آور اشیاء کی روک تھام کے لیے ایک عظیم الشان

جلسہ ٔ اصلاح معاشرہ منعقد کیا گیا ،جس کی صدارت مولانا عبد الصمد صاحب اشاعتی صاحب نے فرمائی ۔پروگرام کے آغاز میں معروف عالم دین مولانا فاروق احمد ملی صاحب نے خطاب فرمایااور موجودہ حالات میں اصلاح معاشرہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر

شخص کو سماجی برائیوں کے خلاف جدو جہد کرنا چاہیے۔ان کے بعد مقرر خصوصی حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب(سکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ)کا نشہ اور ان کے نقصانات کے موضوع پر تفصیلی خطاب ہوا،انہوںنے فرمایاکہ شہر میں بڑھتی ہوئی نشے کی

لت ہمارے معاشرے کو اندر سے کھوکھلا کررہی ہے ،شراب اور ہر نشہ آور چیز انسان کی صحت اور اس کے اخلاق وکردار کو تباہ کرنے والی ہے،نشہ درحقیقت بہت ساری برائیوں کی جڑ ہے،جو لوگ نشے کے عادی ہوتے ہیں وہ دیگر سماجی برائیوں خصوصاً لڑائی جھگڑا ،قتل اور بدکاری کے گناہ میں بھی مبتلا ہوجاتے ہیں ۔اس لیے اپنے آپ کو اور

دوسروں کو نشے سے بچانا ہم سب کی بنیادی ذمہ داری ہے۔اگر ہم نے برائیوں کے خلاف آواز نہ اٹھائی اور ہم نے بڑھتی ہوئی نشے کی لت پر روک لگانے کی منظم کوشش نہ کی تو یہ چیز پورے شہر کو تباہ کردے گی۔مولانا موصوف نے بتایا کہ گزشتہ مہینے بھر سے پورے شہر میں ادارہ صوت الاسلام کے زیر اہتمام سماج سدھار مہم جاری ہے ،جس کے تحت جگہ جگہ کارنر میٹنگیں لے کر لوگوں کو نشہ اور دیگر سماجی برائیوںکے نقصانات سے آگاہ کیا جارہا ہے،کارنر میٹنگوں کی حوصلہ افزا کارگزاری سناتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہمارے احباب ان جگہوں پر بھی پہونچے جہاںبہت سارے نوجوان نشے کی حالت میں تھے،ان سب کو جمع کر کے قرآن وحدیث کی روشنی میں نشے کی برائیوں اور اس کے نقصانات سے آگاہ کیا تووہ رونے لگے اور کہنے لگے کہ آپ لوگ صرف ہماری محبت میں ہمیں سمجھانے کے لیے آئے ہیں ،ہم آج سے نشہ اور دیگر برے کاموں سے اپنے آپ کو بچانے کی کوشش کریں گے ۔مولانا محترم نے اپنے خطاب کے اخیرمیں علماء کرام وائمہ مساجد اور اصلاح معاشرہ کے لیے کوشش کرنے والے افراد سے کہا کہ اب بھی لوگوں میں سننے اور ماننے کاجذبہ موجود ہے، اگر ہم ایسے لوگوں تک پہنچ کر اچھے انداز میں ان کو سمجھانے اور برائیوں سے روکنے کی کوشش کریں تو بہت سارے افراد نشے جیسی برائیوں اور دیگر برے کاموں سے بچ سکتے ہیں ۔مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے اس پروگرام کے انعقاد پر ٹیپو سلطان فائونڈیشن کے اراکین اور مدنی نگر کے نوجوانوںخصوصاً پروگرام کے کنوینر اسلم انصاری صاحب ،اسی طرح اسٹیج پر موجود علاقے کے علماء کرام اور ائمہ مساجد بطور خاص مولانا ندیم احمد فلاحی صاحب کی حوصلہ افزائی کی جن کی محنت اور توجہ کے نتیجے میں

کامیاب انداز میں اس پروگرام کا انعقاد ہوا ۔اس پروگرام میں سینکڑوں کی تعداد میں عام مسلمان اور خواتین اسلام نے شرکت کی۔اسٹیج پر بڑی تعداد میں علاقے کے علماء کرام ،ائمہ مساجد اور سرکردہ افراد موجود تھے جن میں مولانا نیاز احمد ملی صاحب،مولانا ظہیر احمد ملی صاحب ،مولانا وکیل احمد انوری صاحب ،مفتی شعیب انوری صاحب ،مولانا ابوبکر ملی صاحب،محمد یوسف رحمانی صاحب وغیرہ بطور خاص قابل ذکر ہیں ۔اس پروگرام میں ٹیپو سلطان فائونڈیشن کی جانب سے متعدد علماء کرام کا اعزاز واستقبال بھی کیا گیا ،نظامت کے فرائض قاری عبد الجلیل جلیلی صاحب نے انجام دیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے