اردو انسائیکلوپیڈیا کے پانچواں ایڈیشن کی اشاعت از : اسمٰعیل وفا، مالیگاؤں

شہر عزیز مالیگاؤں اردو کا ایسا دیار ہے جہاں اردو تعلیم اور اردو ادب کے ساتھ، اردو روزمرہ میں داخل ہے. اردو اساتذہ کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ افراد پرورش لوح و قلم میں مصروف ہیں.


اس دیار علم سے اب تک ہزاروں کتابیں شائع ہوچکی ہیں. کتابوں کی اس دنیا میں نئے نئے طرز کی کتابیں لکھی اور چھاپی گئی ہیں اور اس کا سلسلہ ہنوز جاری ہے. ہر سال نئی نئی کتابیں منظر عام پر آرہی ہیں. ان منفرد کتابوں میں ایک اردو انسائیکلوپیڈیا ہے، جس کا حیرت انگیز طور پر پانچواں ایڈیشن اشاعت کے مراحل میں ہے.


شہر عزیز میں مختلف اصناف سخن پر کتابیں لکھی اور ترتیب دی گئیں لیکن معلوماتی ادب میں اچھی کتابوں کی ہمیشہ ضرورت رہی ہے. اردو انسائیکلوپیڈیا معلوماتی ادب میں نہ صرف اضافہ ہے بلکہ یہ کتاب ان عازمین کیلئے ایک راہنما ہے جو یو جی سی کے سیٹ اور نیٹ امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں. مقابلہ جاتی امتحانات میں اردو مضمون اختیار کرنے والے طلبہ کیلئے یہ کتاب ایک نعمت ہے. اردو ادب کی مختلف اصناف، ادبی تحریکیں، شخصیات، نادر و نایاب معلومات غرض نصاب کی ضرورت کے تحت کتاب تیار کی گئی ہے. کتاب کے سوالات و جوابات سے مرتب کی معلومات اور موضوع پر قدرت کا اندازہ ہوتا ہے.

عمران امین سر (ولادت : 22 جون 1977) [معلم : ممبئی میونسپل کارپوریشن، کاؤنسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، حیدرآباد و یشونت راو چوہان اوپن یونیورسٹی، ناسک ] نے مسلسل تلاش و جستجو اور عمیق مطالعہ کے بعد اس کتاب کی تدوین کی. کتاب کا اول ایڈیشن 2016 میں شائع ہوا. اس کی افادیت کے پیش نظر اس کی مانگ بڑھتی جارہی ہے. عمران سر ہر نئے ایڈیشن میں نمایاں تبدیلی کرتے ہیں. نئے ایڈیشن کی سب سے اہم خصوصیت اس میں سوالات و جوابات کی پیشکش ہے.

اس کتاب میں ہر صفحہ پر اس بات کا اہتمام کیا گیا ہے کہ اس صفحے پر موجود سوالات کے جوابات اسی صفحے پر مل جائیں. اس طرح قاری بہت آسانی سے مطالعہ کرکے، جوابات ذہن نشین کر سکتا ہے. اس کتاب کی زبردست تزئین و پیشکش کیلئے ارشد ہمدم والا صاحب کو بھی مبارکباد، جن کی بدولت عمران سر کا یہ تجربہ کامیاب ہوا. عمران امین سر کتاب لکھ کر مطمئن نہیں ہوگئے بلکہ مختلف اداروں میں اردو نیٹ کیلئے کریش کورس چلاتے ہیں.. وہ اپنی ان خدمات کی تشہیر نہیں کرتے، اردو کی اس خاموش خدمت اور کتاب کے پانچویں ایڈیشن کی اشاعت پر خصوصی مبارکباد کے ساتھ دعا ہے کہ اللہ رب العزت اس ایڈیشن کو بھی مقبولیت عطا فرمائے. آمین ثم آمین.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے