الیکشن کمیشن نے شیوسینا کی ادھو ٹھاکرے اور ایکنا شندے گروپ کو نیا نام اور انتخابی نشان الاٹ کردیا

نئی دہلی : الیکشن کمیشن نے شیوسینا کی ادھو ٹھاکرے اور ایکنا شندے گروپ کو نیا نام اور انتخابی نشان الاٹ کردیا ہے ۔ کمیشن نے شندے گروپ کا نام بالا صاحبچی شیوسینا جبکہ ادھو ٹھاکرے گروپ کو شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے نام الاٹ کیا ہے ۔ وہیں ادھو گروپ کو مشال کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ہے ۔ دوسری طرف ترشول اور گدا مذہبی وجوہات سے اور اگتا سورج دوسری پارٹی کا انتخابی نشان ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے شندے گروپ کو تینوں میں س کوئی انتخابی نشان نہیں دیا ۔

کمیشن نے ان سے نئے انتخابی نشان کی تجویز مانگی ہے ۔الیکشن کمیشن کے ذریعہ شیو سینا ۔ ادھو بالا صاحب ٹھاکرے نام الاٹ کئے جانے کے بعد ادھو ٹھاکرے گروپ کے لیڈر بھاسکر جادھو نے کہا کہ ہم بہت خوش ہیں، اس کو بڑی جیت مانتے ہیں ۔ ادھر شیوسینا کے راجیہ سبھا رکن سنجے راوت نے پیر کو کہا کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والے سیاسی گروپ کیلئے نیا انتخابی نشان آنے والے دنوں میں بڑا انقلاب لا سکتا ہے ۔ بتادیں کہ شندے اور ادھو ٹھاکرے گروپ نے الیکشن کمیشن کو تین نام اور انتخابی نشان دئے تھے ۔

الیکشن کمیشن نے اندھیری ایسٹ ضمنی الیکشن میں شیوسینا کے نام اور انتخابی نشان کے استعمال پر عبوری روک لگا دی تھی ۔ کمیشن نے انتخابی نشان کیلئے دونوں گروپوں کو پیر تک کا وقت دیا تھا ۔ شیوسینا کی طرف سے جانکاری دی گئی تھی کہ ضمنی الیکشن کیلئے انہوں نے الیکشن کمیشن کو تین نام اور تین نشان کے متبادل دئے تھے ۔ نشان میں ترشول، اگتا سورج اور مشال شامل تھے ۔ وہیں پارٹی کے نام شیوسینا بالا صاحب ٹھاکرے، شیو سینا بالا صاحب پربودھنکر ٹھاکرے ، شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے دئے گئے تھے ۔

وہیں ایکنا شندے نے بھی ترشول ، اگتا سورج اور گدا انتخابی نشان مانگے تھے۔ حالانکہ کمیشن نے شندے گروپ کو ان تیوں انتخابی نشان کو دینے سے انکار کردیا ۔ دراصل اگتا سورج ڈی ایم کے کا انتخابی نشان ہے ۔ وہیں ترشول اور گدا کو مذہبی نشان بتاتے ہوئے کمیشن نے دینے سے انکار کردیا ۔ بتادیں کہ مہاراشٹر کے اندھیری ایسٹ سیٹ ، شیوسینا ممبر اسمبلی رمیش لٹکے کی موت کے بعد سے خالی ہے ، اس لئے اس سیٹ پر تین نومبر کو ضمنی الیکشن ہونے والا ہے ۔ 14 اکتوبر پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے