ضمانت منظور ہوئے 5 دن گزر چکے اب تک محروسین کی رہائی نہیں.محروسین کو حالات سے واقف کرانے جنتادل ناسک جیل پہنچی

اہانت رسول صلی اللہ و علیہ وسلم کی مذمت میں گزشتہ سال ۱۲ نومبر کو ہوئے بند کے دوران ہوئے تشدد کے معاملے میں قید شہر مالیگاؤں کے ۲۵ سے زائد افراد کی ضمانت ممبئی ہائی کورٹ نے منظور کرلی ہے۔ ضمانت منظور ہوئے ۵ دن گزر چکے ہیں لیکن اب تک محروسین کی رہائی نہیں ہوسکی ہے۔ اس تعلق سے ناسک سینٹرل جیل میں محروسین بھی کافی فکر مند تھے کہ آخر کیوں انہیں رہائی نہیں مل رہی۔

محروسین کو حالات سے واقف کرانے آج جنتادل سیکولر کے ایک وفد نے ناسک سینٹرل جیل پہنچ کر ان سے ملاقات کی۔ وفد میں صدر جنتادل سیکولر شان ہند نہال احمد، جنرل سیکریٹری محمد مستقیم ڈگنیٹی، ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان و دیگر افراد شامل تھے۔اس ملاقات کے تعلق سے مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے مستقیم ڈگنیٹی نے بتایا کہ محروسین کافی فکر مند تھے کہ ہائی کورٹ سے ضمانت کی منظوری ملنے کے باوجود انکی رہائی کیوں نہیں ہورہی ہے۔ اس تعلق سے مسلسل ہمیں پیغامات موصول ہورہے تھے۔ اس لیے محروسین کو موجودہ حالات سے واقف کرانے ہم ناسک سینٹرل جیل گئے تھے۔

ہم نے محروسین کو بتایا کہ فی الحال ہائی کورٹ سے ضمانت کے آرڈر کی کاپی نہیں موصول ہوئی ہے۔ رہائی کے لیے ضمانت آرڈر کی کاپی لازمی ہے۔ آئندہ ایک دو روز میں آرڈر کاپی ہمیں مل جائیگی۔مستقیم ڈگنیٹی نے مزید کہا کہ محروسین کی رہائی کے لیے سولونسی تیار کرنے کا کام جاری ہے۔ ہمیں امید ہے جمعرات یا جمعہ تک تمام کاروائیاں مکمل ہوجائیں گی اور محروسین کی جیل سے رہائی ہوجائیگی۔ محروسین کو بھی یہ اطلاع دی گئی کہ دو سے تین دنوں میں انکی رہائی عمل میں آئیگی۔ تمام باتیں سننے کے بعد محروسین نے اطمینان کا اظہار کیا۔محروسین کی جانب سے انکی ضمانت کے لیے کوشاں تمام افراد کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

شہریان مالیگاؤں نے انکی ضمانت و رہائی کے لیے دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا اور فکر مند رہے، اسکے لیے بھی محروسین نے اظہار تشکر پیش کیا۔بتادیں کہ جنتادل سیکولر روز اوّل سے ۱۲ نومبر معاملے کے محروسین کی رہائی کے لیے کوشاں رہی۔ مقامی عدالت سے ۲۰ سے زائد ملزمین کی ضمانت پر رہائی ہوئی تھی۔ بقیہ ملزمین کی رہائی کے لیے جنتادل سیکولر نے ایڈوکیٹ عبدالعظیم خان و دیگر وکلاء کے توسط سے کامیاب قانونی جدوجہد کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے